دجال کو کون کون سی طاقتیں دی گئی ہونگی؟

احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں دجال کی طاقتوں، جنت و دوزخ، بارش، خزانے اور مردوں کو زندہ کرنے کا ذکر۔

پڑھنے کا وقت: 6 منٹ مشاہدات: 0 15 جولائی 2026
دجال کو کون کون سی طاقتیں دی گئی ہونگی؟

🔹 دجال کی طاقتوں کا تعارف

محترم قارئین کرام! اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ دجال اپنے ساتھ بہت سی طاقتیں اور بہت سے فتنے لائے گا اور یہ سب طاقتیں اللہ رب العزت کی طرف عطا کی گئی ہوں گی جو پوری کائنات میں اس کے علاوہ کسی کو نہیں دی گئی ہوں گی اور یہ طاقتیں لوگوں کی آزمائش و امتحان کے لیے عطا کی گئی ہوں گی، جو کہ عارضی اور مقررہ وقت تک ہوں گی۔

ان طاقتوں کے عوض دجال زمین میں شر اور فتنے برپا کرے گا تاکہ لوگ اس کو رب مان لیں۔ دجال اپنی ان جعلسازیوں، چلاکیوں سے لوگوں کو گمراہ کرنے اور ان کو راہِ حق سے بھٹکانے اور شعبدہ بازیوں کا استعمال کر کے اپنے پیچھے لگانے کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک ہتھکنڈہ استعمال کرے گا۔ وہ خود کو لوگوں کا رب سمجھے گا اور اسی بات کا زور وشور سے پرچار بھی کرے گا کہ وہ ان کا رب ہے۔

خبردار! لوگ اس کی سحر انگیز باتوں اور کرشمہ سازیوں سے اس کی باتوں میں بہک کر اس کے فتنوں میں مبتلا ہو جائیں گے۔ لوگ اس کی طاقتوں سے مرعوب ہو کر یا اس سے بہت سے فوائد حاصل کرنے کی غرض سے، یا اس کی غیظ وغضب سے بچنے کی غرض سے، یا مسلمانان اسلام سے جنگ کرنے کے لیے اس کی اندھی تقلید کریں گے۔

🔹 جنت اور دوزخ کا فریب

رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "اس کے ساتھ جنت اور آگ بھی ہوگی۔ اس کی آگ اصل میں جنت ہوگی اور اس کی جنت حقیقت میں آگ ہو گی"۔
رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "اس کے ہمراہ پانی اور آگ ہوگی۔ اس کی آگ اصل میں ٹھنڈا پانی ہو گا اور اس کا پانی درحقیقت آگ ہوگی"۔
رسول اللہ ﷺ نے مزید فرمایا: "میں جانتا ہوں کہ دجال کے ساتھ کیا کیا ہوگا۔ اس کے ساتھ دو بہتی ہوئی نہریں ہوں گی، آنکھ سے دیکھنے میں ایک سفید پانی اور دوسری بھڑکتی ہوئی آگ ہوگی۔ اگر کوئی اسے پا لے تو وہ اس نہر پر جائے جسے وہ آگ دیکھ رہا ہو"۔
ایک اور روایت کے مطابق: "جو کوئی اس کی آگ کو دیکھے وہ اس کی طرف جائے اور آنکھیں بند کر کے اپنا سر جھکا کر اس آگ میں ڈال دے اور اس میں سے پینا شروع کر دے کیونکہ وہ آگ نہیں بلکہ ٹھنڈا پانی ہو گا"۔
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: "لوگوں کو جو پانی نظر آئے گا وہ دراصل جلانے والی آگ ہوگی اور لوگوں کو جو آگ نظر آئے گی وہ ٹھنڈا میٹھا پانی ہوگا۔ تم میں سے جو کوئی دجال کو پائے تو اسے چاہیے کہ وہ اس کی آگ میں کود جائے کیونکہ وہ میٹھا اور عمدہ پانی ہو گا"۔

🔹 بارش، خزانے اور مردوں کا زندہ ہونا

رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "دجال ایک قوم کے پاس آئے گا اور انھیں اپنی طرف بلائے گا، وہ اس پر ایمان لے آئیں گے۔ پھر دجال آسمان کو حکم دے گا تو وہ بارش برسانا شروع کر دے گا۔ زمین کو حکم کرے گا تو وہ پیداوار دینا شروع کر دے گی۔ ان کی بھیڑ بکریاں جو چرنے کے لیے نکلی ہوں گی وہ اس حال میں واپس آئیں گی کہ ان کے بال پہلے سے لمبے، تھن دودھ سے لبریز، پیٹ بھرے اور باہر کو نکلے ہوئے ہوں گے"۔
"اس کے بعد دجال ایک دوسری قوم کے پاس آئے گا، انھیں اپنی دعوت دے گا مگر وہ اس کا انکار کر دیں گے، وہ ان کے پاس سے چلا آئے گا، وہ لوگ صبح کے وقت اٹھ کر اپنی کھیتیوں کو دیکھیں گے تو وہ بنجر ہو چکی ہوں گی اور ان کی فصلیں برباد ہو چکی ہوں گی۔ پھر دجال کا گزر ایک بنجر زمین کے پاس سے ہوگا۔ وہ اس زمین سے کہے گا کہ اپنے خزانے نکالو تو زمین سے خزانے نکل کر شہد کی مکھیوں کی طرح جمع ہو کر اس کے پیچھے پیچھے چلیں گے"۔
"دجال ایک بدو شخص سے کہے گا: 'اگر میں تمہارے فوت شدہ ماں باپ کو زندہ کر دوں تو مجھے رب مان لو گے؟' وہ کہے گا: 'ہاں'، چنانچہ دو شیطان اس کے ماں باپ کی شکل میں سامنے آ جائیں گے اور اس بدو سے کہیں گے، 'ہمارے پیارے بیٹے! اس کی پیروی کرو، یہی تمہارا رب ہے'"۔
غور طلب! دجال ایک ایسے نوجوان کو اپنی طرف بلائے گا جو اپنی بھرپور جوانی میں ہوگا اور اسے تلوار مار کر دو ٹکڑے کر دے گا، پھر لوگوں سے کہے گا: میرے اس بندے کو دیکھو، اسے میں ابھی زندہ کروں گا لیکن یہ پھر بھی میرے سوا کسی اور کو رب مانے گا۔ دجال اس شخص سے کہے گا: اٹھو، زندہ ہو کر کھڑے ہو جاؤ۔ وہ کھڑا ہو جائے گا، درحقیقت اسے اللہ رب العزت نے زندہ کیا ہوگا نہ کہ دجال نے۔

مگر دجال کے وہم و گمان میں ہوگا کہ اس نے اسے زندہ کیا ہوگا اور اس مقتول نوجوان کے دونوں ٹکڑے آپس میں جڑ گئے ہوں گے، پھر یہ لعنتی کہے گا: "بتا تیرا رب کون ہے؟ وہ کہے گا: میرا رب اللہ ہے، تو اللہ کا دشمن ہے، تو دجال ہے"۔

🔹 دجال کی دیگر طاقتیں

احادیث نبوی ﷺ کے مطابق دجال کو درج ذیل طاقتیں عطا کی گئی ہوں گی:

  • وسائل پر قبضہ: اس کا قبضہ قدرت میں ایک مقررہ وقت تک تمام وسائل مثلاً پانی، آگ اور غذائی اجناس پر ہوگا۔

  • خزانوں کا مالک: اس کے پاس اللہ کے حکم سے مقررہ وقت تک بے تحاشہ دولت اور زمین کے خزانے اس کے پیچھے پیچھے چلیں گے۔

  • قدرتی وسائل پر اختیار: تمام قدرتی وسائل مثلاً بارش کا آنا، فصلیں، قحط اور خشک سالی وغیرہ پر اس کے عارضی اختیارات ہوں گے۔

  • تیز رفتاری: وہ زمین پر اس قدر تیزی سے گھومے گا، جیسے تیز ہوا بادلوں کو اپنے ساتھ اڑا لے جاتی ہے۔ اس کے برق رفتار گدھے کے کانوں کے درمیان 40 ہاتھ کا فاصلہ ہوگا، جو اتنی تیزی سے اس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ اڑ کر لے جائے گی۔

  • مصنوعی جنت اور دوزخ: وہ اپنے ساتھ مصنوعی جنت اور دوزخ لائے گا۔ جس کا ذکر اوپر بیان کیا گیا ہے۔

  • شیاطین کی مدد: اللہ رب العزت کے حکم سے دجال کی مدد شیاطین کریں گے۔ جو مرے ہوئے لوگوں کی شکل میں ناصرف ظاہر ہوں گے بلکہ لوگوں سے باقاعدہ انہی کی آواز میں کلام کریں گے۔ جو دجال کو رب تسلیم کروانے میں لوگوں کو گمراہ کریں گے۔

  • زندگی اور موت پر اختیار: دجال اللہ رب العزت کے حکم سے زندگی اور موت پر (عارضی طور پر) اختیار رکھے گا۔ زندگی اور موت پر اس کا اختیار بہت کم اور وقتی ہوگا کیونکہ وہ اس نوجوان مومن کو (جس کو درحقیقت اللہ زندہ کریں گے، دجال سمجھے گا کہ اس نے زندہ کیا ہے) دوبارہ نہیں مار سکے گا۔

اللہ رب العزت ہمیں دجال کے فتنے سے بچائے اور ہمارے ایمان کو مضبوط فرمائے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم سنت نبوی ﷺ کو مضبوطی سے تھامیں اور دجال کے فریب سے بچنے کے لیے دعائیں کریں۔ آمین۔
#دجال #دجال_کی_طاقتیں #مسیح_دجال #قیامت_کی_نشانیاں #علامات_کبریٰ #bloglovers
Uzair Hameed - بلاگ لوورز کے بانی

Uzair Hameed

بلاگ لوورز کے بانی اور مصنف۔ دینی معلومات، اسلامی تاریخ اور قیامت کی نشانیوں پر تحقیق اور تحریر۔ مقصد: علم اور آگاہی کو عام کرنا۔