🕊️

دجال کے ساتھی کون لوگ ہونگے؟

احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں دجال کے پیروکاروں کی پہچان۔ یہود، عورتوں اور دیگر گمراہ اقوام کا ذکر۔

پڑھنے کا وقت: 6 منٹ مشاہدات: 0 15 جولائی 2026
دجال کے ساتھی کون لوگ ہونگے؟

🔹 دجال کے پیروکاروں کا تعارف

محترم قارئین کرام! فتنہ دجال کی ہولناکیوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ ﷺ نے خود اس فتنہ سے اللہ کی پناہ مانگی ہے۔ اور جب آپ ﷺ دجال کا ذکر صحابہ کرام کے سامنے فرماتے تو خوف کے آثار ان کے چہروں پر عیاں ہوتے۔ صحابہ کو جو بات پریشانی میں مبتلا کرتی وہ تھی دجال کی جعلسازی، دھوکہ دہی اور فریب دینا وغیرہ۔

فتنوں کے اس کالے دور میں جہاں جھوٹ اور فریب کے بادل چھائے ہوں گے، حقائق چھپا کر دجل اور فریب کی دنیا بسائی جائے گی۔ لوگوں کے ایمانوں کو پرکھنے کا وقت ہوگا، حق اور باطل الگ نظر آ رہے ہوں گے۔ لوگوں کے ایمان پل میں ماشہ اور پل میں تولہ لڑکھڑاتے ہوئے ہوں گے۔

ایسے میں دجال کے منتظر لوگ بھی منظرعام پر ہوں گے۔ اس وقت پتہ چلے گا کہ رحمن کے بندے کون ہیں اور شیطان کے بندے کون ہیں۔ رحمن کے بندے تو پہاڑوں اور غاروں میں اپنے ایمان کی حفاظت کر رہے ہوں گے۔ کیونکہ اس دجل اور فریب کی دنیا میں ان کا اس طرح چھپ جانا ہی بہتر ہوگا۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "دجال اس شوردار زمین میں مرقناۃ کے مقام پر اترے گا۔ اس کی طرف نکلنے والوں کی اکثریت عورتوں پر مشتمل ہوگی حتیٰ کہ آدمی اپنے کسی قریبی رشتہ دار، ماں، بیٹی، بہن، یا پھوپھی کو گھر میں اس خوف سے باندھ کر رکھے گا کہ کہیں وہ دجال کی طرف نہ چلی جائے"۔

🔹 عورتوں کی اکثریت

اس حدیث میں اکثریت عورتوں کی طرف ذکر کیا گیا ہے۔ واللہ اعلم کہ وہ عورتیں یہودی ہوں گی جو دجال سے جا ملیں گی یا کافر ہوں گی، زانی ہوں گی، مشرک ہوں گی، لبرل ہوں گی، عیسائی، سکھ، ہندو یا بالکل گمراہ ہوں گی جو دین اسلام کی تعلیمات فراموش کر چکی ہوں گی۔ غرض یہ کہ وہ جو بھی ہوں گی ایک کثیر تعداد میں دجال کے حق میں لبیک کہیں گی۔

اس حدیث کا دوسرا حصہ اس بات کی طرف بھی اشارہ دے رہا ہے کہ لوگوں کے ایمان اتنے کمزور ہو چکے ہوں گے کہ ان لوگوں کو اللہ کی ذات پر بھروسہ ہی نہیں ہوگا یا فتنہ دجال کی ہولناکیوں کا اتنا اثر ہو گا کہ لوگ اپنے قریبی رشتہ داروں کو خوف سے بند کر لیں گے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "دجال مشرق کے ایک علاقے سے نکلے گا جسے خراسان کہا جاتا ہے۔ اس کی پیروکار ایسی قومیں ہوں گی جن کے چہرے منڈھی ہوئی ڈھالوں کی طرح ہوں گے"۔

اس حدیث کے مطابق ایران کے جن شہروں کا ذکر کیا گیا ہے یا آگے بتایا گیا ہے وہ بیشتر علاقے یہودیوں کے ہیں۔ واللہ اعلم کہ ان علاقوں سے دوسرے مذاہب عالم کے ماننے والے بھی دجال کے لشکر میں جا ملیں گے، کیونکہ ان علاقوں میں زرتشت، پارسی، بدھ مت بھی موجود ہیں۔

🔹 یہود اور دجال

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "مکہ اور مدینہ کے سوا کوئی شہر ایسا نہیں ہوگا جس میں دجال نہ جائے۔ مکہ و مدینہ کے ہر راستے پر فرشتے گھیرا ڈالے اس کی حفاظت کر رہے ہوں گے۔ (جب وہ مدینہ میں داخل نہ ہو سکے گا تو) ایک شوردار زمین پر جا ڈیرا لگائے گا۔ سرزمین مدینہ اپنے باسیوں کو تین جھٹکے دے گی اور ہر کافر و منافق مدینہ سے نکل کر دجال کے پاس چلا جائے گا"۔

اس حدیث کے مطابق اہل عرب کے لیے ہلاکت تو پہلے سے ہی موجود ہے۔ اہل عرب کی عیاشی اور بے پناہ دولت کی ریل پیل سے کون واقف نہیں۔ سرزمین عرب میں ہلاکت کے وہ سارے سامان تیار کیے جا رہے ہیں جن کی پیشن گوئیاں مختلف احادیث کی صورت میں پہلے آ چکی ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "اصفہان (ایران کے وسط میں ایک شہر واقع ہے جس میں زیادہ تر یہودی آباد ہیں) کے ستر ہزار (چھوٹی چادر کی مانند) جبہ پوش یہودی دجال کے پیروکار بن جائیں گے"۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "دجال خوز (ایران کے مغربی جانب ایک شہر واقع ہے جسے آج کل خوزستان کہا جاتا ہے) اور کرمان (ایران کا ایک صوبہ جو جنوب مشرقی حصے میں واقع ہے) میں اترے گا۔ اس کے ساتھ ستر ہزار لوگ ہوں گے جن کے چہرے منڈھی ہوئی ڈھالوں کی مانند ہوں گے"۔
یہودیوں کا عقیدہ ہے کہ دجال ان کا مسیح منتظر ہے اور کیونکہ ان کی کتب کے مطابق اللہ تعالیٰ نے ان سے ایک بادشاہ کے ظہور کا وعدہ کیا ہے جو حضرت داؤد ﷺ کی اولاد سے ہوگا۔ وہ دنیا میں یہودیوں کی ایک بہت بڑی مملکت قائم کرے گا۔ اس بادشاہ کا نام ان کی مقدس کتب میں "میسیاہ" ہے۔

یہودیوں کی مذہبی رسومات میں کچھ خاص دعائیں اور خاص نمازیں بھی ہیں جن میں وہ مسیح دجال سے ظاہر ہونے کی التجائیں کرتے ہیں۔ انھوں نے "عیدفصح" (یہودیوں کے نزدیک یہ دن یوم نجات کے طور پر بڑی شان و شوکت سے منایا جاتا ہے) کی رات کو خاص دعاؤں کے لیے مختص کیا ہوا ہے۔

خبردار! مسیح دجال کے انتظار میں اہل یہود پوری طرح سے مسلمانوں اور عیسائیوں کو اس دنیا ہستی سے مٹانے کے در پہ ہیں۔ کبھی سود کے نظام میں پھنسا کر، بم دھماکوں کی صورت میں، دہشت گردی کی صورت میں، کبھی لڑائیوں اور فسادات کی شکل میں، کبھی ٹیکنالوجی کے الجھاؤ میں، کبھی کرونا وائرس کی صورت میں لوگوں کا قتل عام۔

🔹 نتیجہ اور عبرت

اس مشن میں اہل یہود تو پوری طرح سے تیار ہیں لیکن اہل مسلم خواب غفلت میں ہیں۔ وقت کے تیز رفتار سوئیاں، سورج کے طلوع اور غروب ہونے کی حرکات، رات اور دن کے تیزی سے تبدیل ہونے اور دیگر سینکڑوں علامات جن کو ہم دیکھ تو رہے ہیں لیکن نیند میں غافل ہیں۔ سب اپنے مقررہ وقت پر ظاہر ہو رہی ہیں۔

اللہ ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ایمان کی حفاظت کریں، سنت نبوی ﷺ کو مضبوطی سے تھامیں، اور دجال کے فتنے سے اللہ کی پناہ مانگیں۔ آمین۔
#دجال #دجال_کے_ساتھی #یہود #مسیح_دجال #قیامت_کی_نشانیاں #علامات_کبریٰ #bloglovers
Uzair Hameed - بلاگ لوورز کے بانی

Uzair Hameed

بلاگ لوورز کے بانی اور مصنف۔ دینی معلومات، اسلامی تاریخ اور قیامت کی نشانیوں پر تحقیق اور تحریر۔ مقصد: علم اور آگاہی کو عام کرنا۔