🎧

ٹاپ 10 لِسننگ ٹپس

انگریزی سننے کی مہارت کو بہتر بنانے کے 10 مؤثر طریقے جانیں۔ روزانہ کی مشق، موویز، ریڈیو، آڈیو بکس اور مزید ٹپس کے ساتھ اپنی لسننگ سکلز کو بہتر بنائیں اور اعتماد کے ساتھ انگریزی بولیں۔

🎯 آج کا مشن: |
پڑھنے کا وقت: 6 منٹ
ٹاپ 10 لِسننگ ٹپس

محترم قارئین کرام! دور حاضر میں نوجوان نسل کو انگریزی زبان بولنے کے لئے بہت تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اچھی جاب حاصل نہیں کر پاتا، انٹر ویو نہیں دے سکتا، عام دوستوں سے بات چیت کرنے سے ہچکچاتا ہے اور ہمیشہ احساس کمتری کا شکار رہتا ہے۔

میں آج آپ کے ساتھ انگریزی سننے کی مہارت کو بہتر بنانے کے 10 طریقوں کو شیئر کر رہا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ اس سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ یاد رکھیں کہ جتنا آپ زیادہ سنتے ہیں، اس قدر آپ کے سننے کی مہارت میں زیادہ نکھار آتا چلا جاتا ہے۔ کم سننے اور توجہ سے نا سننے میں ہمیشہ مشکل محسوس ہوتی ہے۔ ممکنہ طور پر کہ ہم زیادہ پریکٹس نہیں کر رہے ہوتے جس کی وجہ سے ہم درست طریقے سے بول نہیں پاتے۔

خبردار! اگر آپ روزانہ صرف 15 منٹ بھی انگریزی سننے کی مشق کریں تو ایک مہینے میں آپ کی سننے کی مہارت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔

ٹپ نمبر 1: کم سے کم ایک گھنٹہ انگریزی سنیں

میرا مشورہ ہے کہ آپ ہر دن کم سے کم ایک گھنٹہ انگریزی سنیں۔ ایک مخصوص وقت، شاید ایک گھنٹہ صبح یا شام اور اس وقت کے دوران، صرف انگریزی ہی سنیں۔ ایسا کرنے کا ایک عمدہ طریقہ یہ ہے کہ خبریں دیکھیں۔ ٹی وی خبروں کا ایک اچھا ذریعہ ہے، آپ یہاں انگریزی کی بہت سی خبریں دیکھ اور سن سکتے ہیں۔

بڑے نیوز نیٹ ورکس جیسے بی بی سی، سی این این وغیرہ میں یوٹیوب چینلز موجود ہیں جہاں وہ شارٹ نیوز کی ویڈیو پیش کرتے ہیں جو مثالی ہیں۔ ان ویڈیوز کو سن کر آپ نہ صرف انگریزی بولنے کا انداز سیکھیں گے بلکہ دنیا بھر کی اہم خبروں سے بھی باخبر رہیں گے۔

ٹپ نمبر 2: موبائل ریکارڈنگ ایپس

آپ کسی بھی کتاب، میگزین، سٹوری کو اپنی ہی آواز میں ریکارڈ کر کے ناصرف بار بار سن سکتے ہیں بلکہ اپنے تلفظ کی ادائیگی کو بھی بہتر کر سکتے ہیں۔ یہ مشق روزانہ کی بنیاد پر صرف ایک گھنٹہ صبح یا شام جو بھی مناسب یا موزوں وقت میسر ہو سکے۔

آج کل بہت سے ایپلیکیشنز موجود ہیں اور ہم ان کا روزانہ استعمال بھی کر رہے ہوتے ہیں۔ لیکن کبھی ہم نے انگریزی سیکھنے کے لئے استعمال نہیں کیا ہو گا۔ یہ ٹپ بہت کارگر ہے اگر اس کا درست طریقہ سے استعمال کیا جائے۔ اپنی ریکارڈنگ کو سنیں اور اپنے تلفظ کو بہتر بنائیں۔

ٹپ نمبر 3: ریڈیو سننا

ریڈیو سننے کے لئے بہت اچھا ہے کیونکہ جب آپ کسی دوسرے کام کاج میں مصروف ہوتے ہیں تو یہ سن سکتے ہیں۔ جب آپ گاڑی چلا رہے ہو تو سن سکتے ہو، جب آپ گھر کی صفائی کر رہے ہو۔ آپ اپنے کمپیوٹر پر یا اپنے اسمارٹ فون پر بھی ریڈیو سن سکتے ہیں۔

ریڈیو پر بہت سارے الگ الگ پروگراموں کے ذریعے مختلف موضوعات پر بحث کی جاتی ہے جس سے سننے کی مہارت بہتر ہوتی ہے۔ آپ گرائمر، الفاظ، تلفظ ادائیگی کے بارے میں بھی سیکھ سکتے ہیں۔ BBC Radio، NPR، اور دیگر انگریزی ریڈیو چینلز کو سنیں۔

ٹپ نمبر 4: آن لائن/آف لائن ریسورسز کا استعمال

آج کل بہت سارے ریسورسز موجود ہیں جس سے سننے کی مہارت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ان میں کافی ساری ایپلیکیشنز ہیں جو آن لائن ہیں، مثلاً کسی بھی یونیورسٹی کی ڈیجیٹل لائبریری یا اس کا ریڈیو چینل، آن لائن گروپس جوائن کر سکتے ہیں، آن لائن چیٹ ایپس جوائن کر سکتے ہیں، ویڈیو کالنگ، کانفرنس کالز، زوم ایپ کے ذریعے کسی بھی فرینڈ کے ساتھ چیٹ کر سکتے ہیں، لائیو تقاریر، میوزک وغیرہ سن سکتے ہیں۔

اسی طرح آف لائن ریسورسز میں پروگرام کی سی ڈیز یا ڈی وی ڈیز مارکیٹ میں موجود ہیں، ان سے بھی استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ YouTube بھی سننے کی مشق کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں آپ کو ہر موضوع پر ویڈیوز ملیں گی۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جس شخص نے علم حاصل کیا اور اس پر عمل کیا تو اللہ اسے وہ علم عطا فرماتا ہے جو وہ نہیں جانتا تھا۔" (سنن ابن ماجہ)

ٹپ نمبر 5: موویز/میوزک/یوٹیوب ویڈیوز

ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق انسان اپنی آنکھوں کا استعمال 70 فیصد کر کے بہت کچھ دیکھتا ہے جبکہ سننے کی مہارت کو اتنی توجہ نہیں دیتا۔ اگر اپنے آپ کو کسی کام کے کرنے پر آمادہ کر لیں تو کام زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔

موویز اور میوزک، ڈرامہ، سٹیج شوز وغیرہ توجہ طلب ہیں، جتنا آپ غور سے سنیں گے اتنی ہی سماعت بہتر ہوتی چلی جائے گی، اور سننے کی حس کے ساتھ ساتھ سمجھنے کی صلاحیت بھی بہتر ہو جائے گی۔

آپ موویز کی سٹوری اپنے فرینڈ کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں، جو واقعہ آپ نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہوتا ہے وہی آپ اپنے الفاظ میں بتا سکتے ہیں جس سے گفتگو کے موضوعات زیر بحث لائے جا سکتے ہیں۔

ٹپ نمبر 6: انٹر ویو کنڈکٹ کرنا

آپ اس ٹپ کے ذریعے مکالمہ یا انٹرویو کنڈکٹ کر سکتے ہیں جس سے گروپ یا جوڑوں میں کسی موضوع کو زیر بحث لایا جا سکتا ہے اور اس طرح تکرار پیدا ہونے کی وجہ سے سنتے اور جواب دیتے چلے جاتے ہیں۔ انٹرویو سنگل بھی ہو سکتا ہے اور پینل میں بھی لیا جا سکتا ہے۔

اپنے دوستوں یا فیملی کے ساتھ انگریزی میں انٹرویو کا کھیل کھیلیں۔ اس سے آپ کو سننے اور بولنے دونوں کی مشق ہوگی۔

ٹپ نمبر 7: آڈیو ٹیکسٹ بکس

آن لائن ریسورسز میں آڈیو ٹیکسٹ بکس/ڈرامہ/کہانی/ناول سٹوری موجود ہیں، ہم ان کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور اس کو صرف سننا ہے۔ ریڈ نہیں کرنا، صرف سننا ہے، جیسے ہی ختم ہو پھر سے سننا شروع کریں پہلے سے بھی زیادہ توجہ کے ساتھ۔

بالکل ویسے جیسے پہلی بار کوئی نعت، گانا، ڈائیلاگ سننے سے یاد نہیں ہوتا، اسی طرح آپ کو پہلے سننا ہے، پھر سننا ہے، پھر زیادہ توجہ کے ساتھ سننا ہے۔ جس چیز کو آپ توجہ کے ساتھ سنتے ہیں وہی آپ کے ذہن میں بار بار دہرائی کرتی رہتی ہے، جس سے سننے کی مہارت زیادہ اچھی ہوتی ہے۔

رحمت اور بشارت: اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا: "اور جب قرآن پڑھا جائے تو اسے توجہ سے سنو اور خاموش رہو، تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔" (سورۃ الاعراف، آیت 204)

ٹپ نمبر 8: شرمانا اور ہچکچانا چھوڑیں

دوستو! کسی بھی کام کے لئے پوری توجہ اور فوکس ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ میرے اس کو کام سر انجام دینے کے لئے لوگ کیا کہیں گے، وہ آوازیں کسنا شروع کر دیں گے، مجھ پر ہنسنا شروع کریں گے تو یہ صرف آپ کا وہم ہے اور آپ کی کمزور سوچ ہے۔

کسی بھی مہارت کو سیکھنے کے لئے پوری لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان سوچوں کو اپنے اندر سے نکالیں اور پوری ہمت کے ساتھ آگے بڑھیں۔ یاد رکھیں ہر ماہر کبھی مبتدی تھا۔

ٹپ نمبر 9: بولنے والے کو اپنی بات مکمل کرنے دیں

اکثر دیکھا جاتا ہے کہ بولنے والا اپنی بات پوری ہی نہیں کر پاتا، سننے والا پہلے ہی جواب دے دیتا ہے۔ یوں سننے والا آدھی بات سمجھتا ہے اور مفہوم غلط بیان کرتا ہے جس کی وجہ سے تکرار بڑھتی ہے اور جھگڑے تک نوبت چلی جاتی ہے۔

سننے والے کو چاہیے کہ جب بھی گفتگو کرے تو ہمیشہ دوسروں کی بات کو مکمل توجہ سے سنے اور پھر باری آنے پر ہی جواب دے۔ اس طرح دونوں فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت بہت مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوگی۔

ٹپ نمبر 10: شور شرابے کی جگہ سے دور رہیں

سننے کی مہارت کو بہتر بنانے کے لئے ایسی جگہ کا انتخاب کریں کہ اس ایکٹویٹی کو سر انجام دیتے وقت کوئی آپ کو ڈسٹرب نہ کرے۔ اوپر دیے گئے کسی بھی میتھڈ کو استعمال کر کے آپ اپنی سننے کی مہارت کو بہتر کر سکتے ہیں۔

اور جو بھی سنیں پوری توجہ کے ساتھ سنیں اور بار بار اپنے ذہن میں دہرائیں تاکہ وہ ساتھ ساتھ ذہن نشین ہوتی جائے اور بولتے وقت جھجک نہ ہو۔

نتیجہ: انگریزی سننے کی مہارت کو بہتر بنانے کے لئے مستقل مزاجی اور روزانہ مشق سب سے اہم ہے۔ ان 10 ٹپس پر عمل کریں اور دیکھیں کہ کیسے آپ کی سننے اور بولنے کی صلاحیت میں روز بروز بہتری آتی ہے۔ اللہ آپ کو کامیاب کرے۔ آمین!
#لسننگ_ٹپس #انگریزی_سیکھیں #سننے_کی_مہارت #انگلش_لسننگ #تعلیمی_مضامین
Uzair Hameed

محمد عزیر حمید

بانی اور ایڈیٹر - BlogLovers.pk

تعلیم، اسلامیات اور خود ترقی پر لکھنے کا شوقین۔