یاجوج و ماجوج کا فتنہ، ان کا ظہور، حضرت عیسیٰ کا محاصرہ، اور ان کے انجام کے بارے میں تفصیلی بیان۔ علامات کبریٰ سیریز کا حصہ۔
محترم قارئین کرام! قیامت کا دن برحق ہے ہر گزرنے والا دن ہمیں اس کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ لیکن افسوس ہم ابھی غفلت میں ہیں۔ آپ ﷺ نے ہمیں قیامت کی ہولناکیوں کے بارے میں قدم قدم پر ناصرف ہماری راہنمائی کی ہے بلکہ ان سے بچنے کی تعلیمات بھی دی ہے تاکہ لوگ ان ہولناکیوں سے ڈر کر اپنی آخرت سنوار سکیں۔ میں نے بہت سارے آرٹیکل قیامت کی چھوٹی نشانیوں پر بیان کئے ہیں۔ لیکن کچھ عرصے سے قیامت کی بڑی نشانیوں کی کھوج میں لگا ہوا ہوں۔ اپنے سابقہ آرٹیکل میں میں نے سیدنا عیسیٰ ابن مریم کو تفصیلاً بیان کیا تھا۔ آج کا آرٹیکل بھی قیامت کی بڑی نشانیوں میں سے ایک اہم نشانی ہے جس کے بارے میں آپ ﷺ نے ہمیں آگاہ کیا ہے۔
خروج یاجوج وماجوج بھی جب حضرت عیسیٰ کے نزول کے ساتھ پے درپے ہوگا، یہ اس وقت ہوگا جب یہودی اور عیسائی سب دائرہ اسلام میں داخل ہو جائیں گے۔ آپ ﷺ نے لوگوں کو یہ خبر دی کہ "آخری زمانے میں نزول عیسیٰ ابن مریم کے بعد یاجوج وماجوج لوگوں کی طرف نکلیں گے اور زمین میں پھیل جائیں گے۔ وہ عیسیٰ اور ان کے مومن ساتھیوں کا جبل بیت المقدس میں محاصرہ کر لیں گے اور مومنین کو بہت مشکل صورت حال سے دوچار کر دیں گے۔"
یاجوج وماجوج طالوت اور جالوت کی طرح عجمی نام ہیں۔ یہ حضرت آدم کی اولاد میں سے ہیں اور مورخین کے مطابق یہ یافث بن نوح کی اولاد میں سے دو قبیلے ہیں۔
ایک روایت کے مطابق اللہ کے رسول ﷺ نے ایک مرتبہ اس حال میں خطبہ دیا کہ آپ ﷺ نے بچھو کے کاٹنے کے سبب اپنا سر مبارک کپڑے سے باندھ رکھا تھا اور فرمایا "تم کہتے ہو کہ کوئی دشمن نہیں، حالانکہ تم ہمیشہ لڑائی کرتے رہو گے حتی کہ یاجوج وماجوج آجائیں، چوڑے چہروں والے، چھوٹی چھوٹی آنکھوں والے اور سرخی مائل سیاہ بالوں والے، وہ ہر ایک بلندی سے دوڑتے ہوئے آئیں گے، ان کے چہرے گویا منڈھی ہوئی ڈھالیں ہیں"۔
اسی طرح مزید آپ ﷺ نے رہنمائی فرمائی اور فرمایا "وہ اسی حال میں ہوں گے کہ اللہ رب العزت عیسیٰ کی طرف وحی نازل فرمائے گا کہ میں نے اپنے کچھ ایسے بندے نکالے ہیں جن سے لڑائی کرنے کی کسی میں طاقت نہیں ہے۔ آپ میرے بندوں کو لے کر کوہِ طور کی طرف چلے جائیں"۔
ارشاد نبویﷺ ہے کہ "اللہ تعالیٰ یاجوج وماجوج کو بھیجے گا، وہ ہر بلندی سے دوڑتے بھاگتے آئیں گے ان کا پہلا گروہ جب جھیل طبریہ سے گزرے گا تو اس کا سارا پانی پی جائے گا، جب ان کا آخری گروہ وہاں پہنچے گا تو وہ کہیں گے کہ کبھی اس جگہ پانی ہوا کرتا تھا"۔
اس کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا "پھر یاجوج و ماجوج چلتے چلتے "جبل خمر" تک جا پہنچیں گے۔ اب وہ کہیں گے ہم نے زمین والوں کو تو قتل کر دیا ہے، آؤ اب ہم آسمان والوں کو قتل کریں، وہ اپنے تیر آسمان کی طرف چلانا شروع کریں گے تو اللہ تعالیٰ ان کے تیر خون سے رنگین کر کے واپس کرے گا۔ اللہ تعالیٰ کے نبی عیسیٰ اور ان کے ساتھیوں کا محاصرہ کر لیا جائے گا حتیٰ کہ بیل کا سر ان کے لئے اس سے بھی قیمتی ہو جائے گا جیسے آج تم میں سے کسی کو سو دینار مل جائے۔" پھر عیسیٰ اور ان کے ساتھی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہوں گے تو اللہ تعالیٰ یاجوج و ماجوج کی گردنوں پر ایک کیڑا بھیج دے گا۔ جس سے وہ سب کے سب آنِ واحد میں مر جائیں گے، پھر اللہ کے نبی عیسیٰ اور ان کے ساتھی پہاڑ سے زمین کی طرف اتریں گے تو زمین میں ایک بالشت برابر جگہ بھی ایسی نہ ہوگی جو ان کی چربی اور بدبو سے متعفن نہ ہو۔
حضرت عیسیٰ اور ان کے ساتھی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہوں گے تو اللہ تعالیٰ ایسے پرندے بھیجے گا جو دو کوہانوں والے بڑے اونٹوں کی گردنوں کی طرح ہوں گے۔ وہ ان کی لاشوں کو اٹھا کر جہاں اللہ کی مرضی ہوگی وہاں پھینک دیں گے۔ پھر اللہ ایک ایسی بارش برسائے گا جس سے مٹی، گارے، اون اور بالوں کے بنے تمام گھر تباہ ہو جائیں گے، وہ بارش ساری زمین کو دھو کر چکنی اور سپاٹ بنا دے گی پھر زمین سے کہا جائے گا کہ اپنا پھل اگاؤ اور اپنی برکت لوٹاؤ۔ اس وقت ایسی برکت ہوگی کہ ایک انار پوری جماعت کے لئے کافی ہو جائے گا۔ انار کا خول اتنا بڑا ہو گا کہ وہ جماعت اس کے سایے میں بیٹھ سکے گی۔ دودھ میں اس قدر برکت ڈالی جائے گی کہ دودھ دینے والی اونٹنی ایک بڑی جماعت کے لئے کافی ہو جائے گی۔ دودھ دینے والی گائے ایک پورے قبیلے کے لئے کافی ہو گی۔ دودھ دینے والی بکری ایک پورے گھرانے کو کافی ہو گی۔ اسی حال میں اللہ تعالیٰ ایک پاکیزہ ہوا بھیجے گا۔ وہ انھیں بغلوں کے نیچے سے پکڑے گی اور ہر مومن اور مسلم کی روح قبض کر لے گی۔ زمین پر اس وقت صرف شریر لوگ باقی رہ جائیں گے۔ جو گدھوں کی طرح علانیہ طور پر لوگوں کی موجودگی میں مباشرت کریں گے، انھی لوگوں پر قیامت قائم ہو گی۔"
پھر فرمایا "اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمدﷺ کی جان ہے! زمین کے جانور ان کا گوشت کھا کھا کر سیر ہوں گے اور موٹے تازے ہو جائیں گے"۔
جب اللہ رب العزت یاجوج وماجوج کو ہلاک کر دے گا تو زمین پر سوائے مومنوں کے کوئی نہیں بچے گا، ان کے دل صاف ہوں گے، اور جنگ اور لڑائیاں ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گی"۔
ایک روایت کے مطابق "خروج یاجوج وماجوج کے بعد بھی بیت اللہ شریف کا حج اور عمرہ کیا جائے گا۔"